طوفان نوح اور اس کا چرچا
طوفان نوح اپنی نوعیت میں اس قدر حیرت انگیز اور مہیب تھا کہ اس کی داستانیں ساری دنیا میں مشہور ہیں۔ عہدنامہ قدیم اور عہدنامہ جدید میں اس کی تفصیلات مختلف انداز میں بیان کی گئی ہیں۔ بابل کی تاریخوں، ہند کے رزمیوں، ویلز، اسکینڈی نیویا، لتھونیا، چین اور یونان کی داستانوں میں اس کا ذکر ملتا ہے۔ تحریک مجاہدین ہند کے مولانا محمد جعفر شاہ تھانیسری جو کالا پانی (انڈومان) میں قید رہے اپنی داستانِ اسیری میں لکھتے ہیں کہ مقامی باشندوں کی قدیم کہانیوں میں طوفانِ نوح جیسے سیلاب کا ذکر آتا ہے۔ طوفان نوح کے واقعہ کے اس قدر عام ہونے کے کم ازکم تین امکانات ہو سکتے ہیں ١ جو لوگ کشتی پر سوار تھے اور جنہوں نے خود اپنی آنکھوں سے یہ مہیب منظر دیکھا تھا ان کے ذریعہ سے یہ واقعہ نسل در نسل منتقل ہوتا رہا۔ ٢جو لوگ پڑھنا لکھنا جانتے تھے انہوں نے اس واقعہ کی تفصیل لکھ ڈالی۔ ٣ اللہ تعالیٰ نے جو آسمانی کتابیں نازل فرمائیں ان میں اس واقعہ کا اسی طرح ذکر کیا گیا جس طرح کہ قرآن مجید میں ذکر کیا گیا ہے۔ بنی اسرائیل میں اس واقعہ کا چرچا زیادہ اس لیے رہا کہ وہ ان لوگوں میں سے ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے...